نیوز ڈیسک
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو جموں اسمارٹ سٹی کے تحت 155 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔پروجیکٹوں کو عوام کے لیے وقف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ جموں کے لیے ایک تاریخی دن ہے اور یہ یقینی بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ مندروں کا شہر ماحولیاتی طور پر پائیدار، اقتصادی طور پر پیداواری اور سماجی طور پر مساوی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ “نئے منصوبے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، پیداواری صلاحیت کو فروغ دینے اور شہر کی بہتر خدمات کے ذریعے سمارٹ اکانومی بنانے کی ہماری منظم کوششوں کا حصہ ہیں۔ “لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں شہری مرکوز نظام کے قیام کے لیے گزشتہ تین سالوں میں کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا “شہری شہر کا دل ہیں۔ شہری ترقی کے لیے شراکتی نقطہ نظر پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔ ہم میں سے ہر ایک کو اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے اور شہری سہولیات کے تحفظ اور اپنے ورثے کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالنا ہے،” ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہریوں کے مفادات کو مقدم رکھا ہے اور پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے عوام سے تجاویز مانگی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہتر وسائل اور کافی فنڈنگ شہری بلدیاتی اداروں اور عوامی نمائندوں کو بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بااختیار بنائے گی۔سروسز سلیکشن بورڈ کے مسائل پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پہلے ہمیں شکایات موصول ہوئی تھیں اور بغیر کسی تاخیر کے کیس کی اندرونی طور پر جانچ کی گئی اور بعد میں اسے سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا “میں نوجوان امیدواروں کو یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی قصوروار پایا گیا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ ہم نے شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا ہے۔ کچھ نوجوانوں نے سوالات اٹھائے ہیں اور میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ مخصوص مفادات کے حامل کچھ لوگ بھرتی کے عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں،‘‘ ۔انہوں نے کہا کہگزشتہ تین سالوں میں 30 ہزار بھرتیاں کی گئیں، ہم امید کر رہے ہیں کہ اس سال کم از کم 12,000 بھرتیاں کی جائیں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے حالیہ تیز رفتار بھرتی کا عمل شفاف نظام کی ایک مثال ہے۔ آخری امیدوار کے انٹرویو کے تین گھنٹے کے اندر نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی شفافیت ملک کے کسی اور خطے میں نہیں سنی جاتی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت منصفانہ اور شفاف بھرتی کو یقینی بنائے گی۔ نوکریاں سفارش پر نہیں میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی بے ضابطگی ہوئی تو حکومت سخت ترین کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو بھرتی عمل پر سوال کرنے کا کوئی حق نہیں، جنہوں نے اپنے دور میں ملی ٹینٹوں اور انکے رشتہ داروں کو سرکاری نوکریاں فراہم کیں۔انکا کہنا تھا کہ وہ زمانہ گیا جب نوکریاں سفارش پر ملتی تھیں، اب میرٹ پر ملیں گی۔انہوں نے کہا’’ میں نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وہ سرکار پر بھروسہ رکھیں، اگر کوئی گڑبڑھ ہوتی ہے تو وہ سامنے لائے، کسی کو بخشا نہیں جائیگا۔انکا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مینڈل لائڈ مارچ نکالنے کی ضرورت نہیں ہے،زمین سے نوکریوں تک جن لوگوں نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا وہ اب نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن جموں کشمیر میں اب بے ایمان لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔