کنگن//پیر کوتین روز کے بعد434کلو میٹر سرینگر۔ لیہ شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا جس کے ساتھ ہی سونہ مرگ کے مختلف مقامات پر درماندہ چھوٹی بڑی گاڑیوں کو لداخ کی طرف روانہ کیا گیا۔
کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق گذشتہ تازہ برفباری کے بعد سرینگر ۔لیہ شاہراہ کو ٹریفک حکام نے آمدورفت کے لئے بند کردیا تھا جس کی وجہ سے شاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں۔
اس دوران شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کے لئے پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جس کے بعد سوموار کو شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔
سونہ مرگ میں قائم موٹر وہکل ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ کے مختلف مقامات پر درماندہ مال اور مسافر بردار گاڈیوں کو لداخ کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔
ادھر سب ڈویژنل مجسٹریٹ دراس اصغر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کے مختلف مقامات پر برفباری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔