عاصف بٹ
کشتواڑ
قریب ساٹھ گھنٹوں کے زائد عرصہ تک بند رہنے کے بعد ضلع کشتواڑ کو جوڑنے والی واحد قومی شاہراہ بدھ کی شام پانچ بجے آمدورفت کیلئے بحال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سبھی چٹانوں کو ہٹانے کے بعد شام پانچ بجے کے قریب شاہراہ کو کھول دیاگیا جسکے بعد دونوں اطراف درماندہ سینکڑوں گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ سڑک کھلتےہی درماندہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے چہرے کھل اٹھے۔ نیشنل ہائی وے حکام نے بتایا کہ بھاری چٹانیں کھسک گئی تھیں جسکے سبب سڑک ایک طرف دھنس گئی تھی اور کڑی مشقت کے بعد بھاری پتھروں کو ہٹایاگیا جسکے بعد سڑک کو قابل آمدورفت بنایاگیا۔ یہ سڑک سوموار کی بعد دوپہر اسوقت آمدورفت کیلئے بند ہوئی تھی جب پہاڑی کا بڑاحصہ کاندنی کے مقام پر سڑک پر گرآیاتھا جسکے بعد سے سڑک پر آمدورفت بند کردی گئی تھی۔