عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی//گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں ایک پْروقار اور پْررونق تقریب کے دوران کالج کے سالانہ مجلہ ’دی فلائٹ‘کا اجراء عمل میں آیا۔ یہ تقریب کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں رکنِ اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اقبال خان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد کے استقبالیہ اور تعارفی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معزز شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سالانہ مجلہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کالج میگزین طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں، علمی ذوق اور فکری بالیدگی کا مظہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے تمام مصنفین، طلباء اور اداریہ کی ٹیم کی انتھک محنت اور خلوص کو سراہا جن کی کوششوں سے ’دی فلائٹ ‘کی موجودہ اشاعت ممکن ہوسکی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی مظفر اقبال خان نے میگزین کا باقاعدہ اجرا کیا اور اپنے پْراثر خطاب میں مطالعے کی اہمیت، فکری جستجو اور علمی معیار کے فروغ پر زور دیا۔
انہوں نے کالج کی علمی و ثقافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کو مجلہ کی کامیاب اشاعت پر دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے انتظام و انصرام میں ڈاکٹر نظرالاسلام، پروفیسر الطاف حسین (اے این او)، پروفیسر سپریا گپتا (این ایس ایس آفیسر)، اور پروفیسر رومی ڈار نے اہم کردار ادا کیا، جن کی مشترکہ کاوشوں سے پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔اس شاندار پروگرام کی نظامت ڈاکٹر نظرالاسلام نے انجام دی جبکہ رسمی شکریہ پروفیسر رضوانہ کوثر نے ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے تمام اساتذہ بشمول ڈاکٹر نزاکت حسین، ڈاکٹر نسیم احمد، ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر گوہر اقبال، ڈاکٹر گلشن رشید، ڈاکٹر شیراز احمد، ڈاکٹر نظرالاسلام، پروفیسر سپریا گپتا، پروفیسر الطاف احمد، پروفیسر جنید احمد، مسٹر انوج بالی، ڈاکٹر اطہر عزیز رینہ، پروفیسر رومی ڈار، پروفیسر رضوانہ کوثر، پروفیسر یاسمین کوثر، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر شازیہ پوسوال، ڈاکٹر میناکشی شرما اور ڈاکٹر عتیق الرحمٰن نے شرکت کی اور طلبہ کی ادبی و فکری کاوشوں کو بھرپور سراہا۔ اس تقریب کی کامیابی میں کالج کے این سی سی کیڈیٹس اور این ایس ایس والنٹیئرز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا، جنہوں نے انتظام، مہمان نوازی اور دیگر امور میں بھرپور تعاون فراہم کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔