تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے سوڑا پل علاقے میں سنی تحریک کونسل کی جانب سے دیدار موئے مبارک بنام ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسولؐ نے موئے مبارک کے دیدار کا شرف حاصل کیا جبکہ کئی نعت خوانوں نے رسول پاک ؐ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی کے سوڑا پل علاقے میں حافظ ریاض شبیری کے گھر صوفی ریاض محمودی اور محمد عرفان قادری کی معاونت سے منعقدہ کانفرنس کے دوران حافظ ریاض شبیری اور دوسرے کئی علماء نے بتایا کے قرآن پاک میں تابوت سکینہ کا ذکر ہے کہ اس کے وسیلے سے بنی اسرائیل کی دعائیں قبول ہوتیں اور انہیں دشمنوں کے بڑے سے بڑے لشکر پر فتح مبین ملتی تھی لیکن جب قوم عمالقہ نے اس مقدس صندوق کی بے حرمتی کی تو انکے پانچ شہر ویران ہو گے۔ اس سے پتہ چلا کہ اگر اللہ والوں کے استعمال کئے گے تبرکات کی اتنی اہمیت ہے تو نبیوں کے سرداررسول پاک ﷺکی طرف منسوب انکے جسم مبارک کے جز موئے مبارک کی کتنی فضیلت ہوگی۔ مولانا شبیری نے کہا کہ ان تبرکات کے وسیلے سے کی جانے والی دعائیں قبول ہوتی تھیں تو اللہ والوں کے وسیلے سے کی جانے والی دعا کیوں قبول نہ ہوں گی۔اس موقع پر تمام لوگوں کو موئے مبارک کا دیدار کروایا گیا۔ اس دوران نعت خوانی، درود و اذکار اور وعظ و نصیحت کی روح پرور مجلس جاری رہی۔ آخر میں یہ شاندار پروگرام پورے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں کشمیر اور پوری دنیا میں بحالی امن کیلئے خصوصی اور رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔