عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی کے طلبا ان دنوں بیگ لیس ڈے کے طور پر مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اسکول کے طلباء نے تھنہ منڈی میں گلشن خورشید کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ 29 جولائی 2020 کو کابینہ نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کو منظوری دی۔ اس پالیسی کا مقصد موجودہ ہندوستانی تعلیمی نظام میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرانا تھا۔ تعلیم کا حق پہلے 14 سال تک کی عمر تک تھا لیکن نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اسے 3 سے 18 سال تک لازمی قرار دیا گیا۔ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت روٹ لرننگ یعنی (رٹا مار کر پڑھائی کرنا) کا فیصد کم کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں اس پالیسی کے تحت بور ڈ کے امتحانات سال میں 2 مرتبہ منعقد ہوں گے، نصاب میں 3 زبانوں کی پالیسی بر قرار رہے گی البتہ مادری زبان یا مقامی زبان 5 ویں یا 8 ویں جماعت تک ہی تعلیم کا ذریعہ ہو گی۔ رپورٹ کارڈ رزلٹ) صرف نمبروں اور ریمارکس کے بجائے طلباء کی مہارت اور صلاحیتوں پر ایک جامع رپورٹ کی شکل میں ہو گا۔ سکول کے طلباء کو سال میں 10 بیگ لیس ڈے ” یعنی بغیر بستہ کے دن دیئے جائیں گے۔ ان دنوں میں وہ اپنی دیگر صلاحیتوں بشمول غیر نصابی سرگرمیوں پر توجہ دیں گے۔ طلبہ کو آرٹس، سائنس اور کامرس میں تقسیم ہونا نہیں پڑے گا بلکہ وہ کسی بھی شعبے سے اپنی پسند کے مضامین منتخب کر کے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ کالج میں داخلہ لینے کیلئے کامن انٹرنٹس ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا۔ البتہ اس میں ضروری ترمیم کی گنجائش رہے گی، گریجویشن 3 سال کے بجائے 4 سال کا ہو گا۔ تعلیم دینے کے جدید طریقوں جیسے ٹیکنالوجی وغیرہ کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی کے طلبہ ان دنوں تھنہ منڈی میں پہلی مرتبہ 10 بیگ لیس ڈے کے طور پر مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی مناسبت سے طلباء نے تھنہ منڈی میں سکول کے چیئرمین خورشید بسمل کے دولت کدہ سے متصل باغیچہ ’گلشن خورشید‘ کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ گلشن خورشید ایک چھوٹا سا باغیچہ ہے جسے اسکول کے چیئرمین خورشید بسمل نے مختصر عرصہ میں تعمیر کیا ہے جو اس علاقے میں اپنی مثال آپ ہے۔ یہ باغیچہ چھوتی چھوتی کیاریوں میں منقسم ہے سلیقہ مندی سے لگائے گئے پھول قدرت کی صناعی کا حسین نظارہ پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر خورشید بسمل نے طلباء کو بتایا کہ گلشنِ خورشید کو وسعت دینے اور کشادہ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے اور مستقبل قریب میں اس پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر بچوں نے خوب انجوائے کیا اور اپنے خوبصورت تاثرات بھی پیش کیے۔