راجوری// تھانہ منڈی راجوری میں شروع کئے گئے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کو ختم کیا گیا تاہم سیکورٹی فورسز نے پورے ضلع کے ساتھ ساتھ پڑوسی پونچھ ضلع کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا ہوا ہے۔عسکریت پسندی کے خلاف اس آپریشن کے تحت محاصرہ اور تلاشی آپریشن جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تھانہ منڈی کے کھبلا گائوں میں شروع کیا گیا تھا جس کے دوران گائوں کے جنگلاتی علاقے سے مقامی لوگوں نے گولیوں کی آوازیں بھی سنی تھیں۔ یہ عسکریت پسندی مخالف آپریشن ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات تک جاری رہا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے اسے منسوخ کر دیا ۔پولیس نے بتایا کہ آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی انتظامات ہائی الرٹ پر ہیں۔ انٹیلی جنس اطلاعات اور انتباہات کے درمیان جڑواں اضلاع کے کچھ حصوں میں کچھ عسکریت پسندوں کی ممکنہ موجودگی کے بارے میںخدشات پائے جاتے ہیں۔