عظمیٰ نیوز سروس
چنئی//ترپوراسے تیار شدہ نِٹ ویئر ملبوسات کی برآمدات میں مالی سال 2025-26کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹی شرٹس، ٹریک سوٹس اور دیگر نِٹ ویئر مصنوعات کی تیاری کے لیے مشہور اس صنعتی مرکز نے مالی سال 2025-26 میں 42 ہزار 544.40 کروڑ روپے کی برآمدی آمدنی حاصل کی، جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ رقم 44 ہزار 747 کروڑ روپے تھی۔ اس طرح برآمدات میں تقریبا 2 ہزار 203 کروڑ روپے کی کمی درج کی گئی۔صنعتی ذرائع کے مطابق برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ امریکہ کی جانب سے ہندوستانی ریڈی میڈ ملبوسات پر مجوزہ ٹیرف اور عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال ہے۔
اپریل 2025 میں امریکہ نے ان مصنوعات پر 66 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد میں اس کے نفاذ کو 90 دن کے لیے مخر کر دیا گیا۔ اس غیر یقینی صورتحال کے باعث امریکی خریداروں کی جانب سے نئے آرڈرز میں کمی آئی، جس کا اثر براہِ راست تروپور کی برآمدات پر پڑا۔ہندوستان ریڈی میڈ گارمنٹس برآمد کرنے والے ممالک میں امریکہ کے لیے تیسرے بڑے سپلائر کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ تروپور اپنی تقریبا 90 فیصد سوتی ملبوسات کی برآمدات امریکی منڈی کو بھیجتا ہے۔ باقی 5 سے 10 فیصد برآمدات مصنوعی ریشوں سے تیار کردہ ملبوسات پر مشتمل ہوتی ہیں۔صنعت کو مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور تنازعات سے بھی نقصان پہنچا ہے۔ بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث برآمد کنندگان کو اپنی ترسیلات امریکہ تک پہنچانے کے لیے طویل تر “کیپ آف گڈ ہوپ” راستہ اختیار کرنا پڑا، جس سے نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ قدرتی گیس اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پیداواری لاگت بڑھا دی، جبکہ بعض اہم کیمیکلز اور پیکیجنگ مواد کی قلت نے بھی صنعت پر اضافی دبا ڈالا۔