محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں پولیس نے سوشل میڈیا پر مذیبی منافرت کے توہین آمیز پوسٹ لکھنے پر ایک شخص کے خلاف کیس درج کیا ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے کوشش شروع کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی ایک توہین آمیز پوسٹ کے (جس میں اللہ اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ) منظر عام پر آنے کے بعد رام بن کے علماء اور دینی انجمنوں کی شخصیات نے یہ معاملہ پولیس کی نوٹس میں لایا۔
مقامی ائمہ مساجد اور علماء اکرام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جامع مسجد میتراہ رام بن میں تمام علماء اکرام اور ذی عزت شہریوں کی مشاورت کے بعد ، وہ پولیس کو تحریری درخواست دینے کیلئے ایس ایس پی دفتر رام بن کی طرف جا ہی رہے تھے کہ ایس ایچ او رام بن نے انہیں راستے میں اطلاع دی کہ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن رامسو میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور پولیس نے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز کلمات لکھنے والے شخص کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے مطابق وہ تحصیل اْکڑال پوگل پرستان سے تعلق رکھتا ہے اور آجکل بھٹنڈہ پنچاب کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے۔ ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کرکے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش شروع کی گئی ہے اور ملوث شخص کو جلد ہی گرفتار کیا جائیگا۔