وشاکھاپٹنم، 23 فروری (یو این آئی ) عالمی کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے یا نہیں کھیلنے کو لے کر چل رہی ملک گیر بحث کے درمیان ٹیم انڈیا اتوار کو یہاں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹوئنٹی -20 میچ میں اس تنازع کو بھلا کر بہتر کارکردگی کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ہندستان نے حال ہی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا اور اس نے آسٹریلیا میں ٹوئنٹی -20 سیریز 1-1 سے ڈرا کھیلی تھی جبکہ نیوزی لینڈ سے ٹوئنٹی -20 سیریز 1-2 سے گنوائي تھی۔وشاکھاپٹنم میں یہ تیسرا ٹوئنٹي -20 مقابلہ ہوگا۔ 2012 میں ہندستان اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بغیر گیند پھینکے منسوخ ہو گیا تھا جبکہ 2016 میں ہندستان نے سری لنکا کو 82 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔ دونوں ٹیموں کو دو میچوں کی ٹوئنٹی -20 سیریز کے بعد پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں اترنا ہے اور یہ ٹوئنٹی -20 سیریز ون ڈے سیریز کے لئے تھرو ہوگی۔ہندستان اور آسٹریلیا دونوں نے گزشتہ سال 19 ٹوئنٹی -20 مقابلے کھیلے تھے اور اس سیریز میں دونوں کی نظریں بہتر آغاز پر لگی ہوں گی۔ یہاں موسم صاف ہے اور ایک شاندار مقابلے کی توقع کی جا سکتی ہے ۔ہندستان کے لئے اس سیریز میں وراٹ اور تیز گیند باز جسپریت بمراہ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ وراٹ کو آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کے باقی دو میچوں اور نیوزی لینڈ کے دورے سے آرام دیا گیا تھا۔ بمراہ کو بھی ان دونوں ممالک کے محدود اوورز کے دورے سے آرام دیا گیا تھا۔آسٹریلیا نے ہندستان کے دورے کے لئے ٹوئنٹی -20 اور ون ڈے میں ایک ہی ٹیم رکھی ہے ۔ آسٹریلوی ٹیم میں ڈی آرسی شارٹ دلچسپی کا مرکز رہیں گے جو بگ بیش لیگ میں ٹاپ اسکورر ہونے کے سبب پلیئر آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے ۔ بگ بیش لیگ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کین رچرڈسن کو زخمی مشیل اسٹارک کی جگہ ٹیم میں رکھا گیا ہے ۔آسٹریلیا کو ہندستانی لیگ اسپنر یجویندر چہل سے ہوشیار رہنا ہوگا جنہوں نے میلبورن میں فیصلہ کن ون ڈے میں چھ وکٹ لے کر ہندستان کو سیریز جیت دلائی تھی۔ ہندوستان کو مڈل آرڈر کے لئے دنیش کارتک اور لوکیش راہل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ہندستانی کپتان وراٹ نے میچ کی شام کہاکہ ہمیں آسٹریلیا سے سخت چیلنج ملنے کی امید ہے ۔ لیکن ہم اپنے گھر میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ریکارڈز کے نظریئے سے دیکھا جائے تو ہندستانی نائب کپتان روہت شرما کو ٹوئنٹی -20 میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والا کھلاڑی بننے کے لئے صرف دو چھکوں کی ضرورت ہے ۔