چنئی// تمل ناڈو کے ویلور ضلع کے پرنام بیٹ میں جمعہ کو شدید بارش کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہونے سے نو لوگوں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں چار بچے اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔حادثہ کل علی الصبح اس وقت پیش آیا جب گھر کے لوگ گہری نیند سو رہے تھے اور گرنے والے مکان کے متاثرین ملبے تلے دب گئے ۔پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے ۔ادھرمرکزی حکومت نے تمل ناڈو میں گزشتہ ہفتے ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک مرکزی ٹیم کو تعینات کیا ہے ۔بین وزارتی مرکزی ٹیم ریاست میں سیلاب کی نوعیت کا پتہ لگائے گی اور ریاست کو اضافی مرکزی امداد کی سفارش کرے گی۔اس ٹیم کی سربراہی وزارت داخلہ کے این اے ٹی جی آر آئی ڈی کے جوائنٹ سکریٹری راجیو شرما کریں گے اور اس میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارتوں اور محکموں، خزانہ (محکمہ اخراجات)، آبی توانائی، بجلی، سڑک، ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور دیہی ترقیات کی وزارت کے نمائندے شامل ہوں گے ۔