نائب وزیر اعلیٰ کاصوبہ جموں میں قومی شاہراہ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نےسول سیکرٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں خطے میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے قومی شاہراہ منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف مرکزی ایجنسیوںبشمول این ایچ اے آئی،این ایچ آئی ڈِی سی ایل اور پروجیکٹ سمپرک کی کے ذریعے عملائے جارہے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اَفسروں نے منصوبوں کی طبعی و مالی پیش رفت، زمین کے حصول، ڈِی پی آرکی منظوری، یوٹیلٹی شفٹنگ اور بین ڈیپارٹمنٹل کوآرڈی نیشن کے بارے میں مفصل جانکاری دی ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ فی الحال جموں صوبے میں این ایچ اے آئی کے تحت 37منصوبے، پروجیکٹ سمپرک کے تحت 8 منصوبے اوراین ایچ آئی ڈِی سی ایل کے تحت 14منصوبے مختلف مراحل میں زیرِ تکمیل ہیں جب کہ کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔دورانِ میٹنگ نائب وزیر اعلیٰ نے جن منصوبوں کا جائزہ لیا ان میںلکھن پور۔سری نگر (این ایچ۔44)، دہلی۔امرتسر۔کٹرہ ایکسپریس وے (این اِی۔5)، جموں رِنگ روڈ (این ایچ۔244اے )، سری نگر رِنگ روڈ (مرحلہ اوّل، دوم ، دوم اے)، چنانی۔پتنی ٹاپ۔ناشری (اولڈ الائنمنٹ) این ایچ ۔244، جموں۔اکھنور (این ایچ ۔ 44) اور چنانی ۔سدھ مہادیو۔گوہا۔کھیلانی-چھاترو۔کھنہ بل (این ایچ ۔244اے ) منصوبے شامل تھے۔اُنہوں نے بعض کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیالیکن ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام جاری پروجیکٹوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سریندر کمار چودھری نے تمام عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ ٹائم لائنز کی سختی سے عمل کریں اور ڈیزائن اور تعمیر کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ خطے میں بہتر رابطہ، علاقائی ترقی اور اِقتصادی فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے منگام ۔دودھ پتھری۔شوپیاں۔سرنکوٹ سیکشن (این ایچ۔701A)جو پروجیکٹ سمپرک کے ذریعے عملایا جارہا ہے ، کے بارے میں بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ باقی ماندہ کاموں کو تیز کیا جائے اور ڈی پی آر ترامیم اور ٹریجریزری ریلیز سے متعلق معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔اُنہوں نے واضح کیا کہ تمام سڑکوں، ٹنلوں اور پُلوں کے منصوبوں کی رفتار میں تیزی لائی جائے تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں سری نگر رِنگ روڈ مرحلہ۔آئی آئی اے (منی گام تا پاندچھ) منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور جس میںمعاوضے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عمل درآمد میں تاخیر سے بچا جا سکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈبلیو( آر اینڈ بی ) ،این ایچ اے آئی ،این ایچ آئی ڈِی سی ایل اورایم او آر ٹی ایچ کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا تاکہ ِانتظامی رُکاوٹوں کو بروقت دور کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ سطح کے مسائل کی بروقت نشاندہی کریں اور متعلقہ محکموں سے مؤثر مشاورت کے ذریعے انہیں حل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی توسیع اور اَپ گریڈیشن سے نہ صرف جموں و کشمیر کے اندر بہتر رابطے مضبوط ہوں گے بلکہ تجارت، سیاحت اور سماجی و اِقتصادی ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔نائب وزیراعلیٰ نے جموں میں سڑکوں، پُلوں اور دیگر رابطہ کاری ڈھانچوں کی بحالی کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اَفسران پر زوردیاکہ تمام متاثرہ مقامات کی مستقل مرمت و بحالی جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ عوام کو سہولیت ملے۔اُنہوں نےاِنجینئروں اور فیلڈ اَفسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اَپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔