سرینگر //کولگام میں شہری ہلاکتوں پر مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے سوموار یعنی آج لئے جانے والے 12ویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے جبکہ کشمیر یونیورسٹی نے بھی آج لئے جانے والے پی جی فسٹ سمسٹر کے امتحان کو ملتوی کر کے بدھ24اکتوبر کو رکھا ہے ۔یونیورسٹی حکام کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے لئے جانے والے باقی امتخانات شیڈول کے مطابق 22اکتوبر یعنی آج لئے جائیں گے ۔ اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ نے بھی سوموار یعنی آج 22اکتوبر کو لئے جانے والے تمام امتخانات کو ملتوی کر دیا ہے ۔اس دوران جنوبی کشمیر کے کئی ایک طلبہ نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ کشمیر یونیورسٹی نے ایس ایس ایم کالج اونتی پورہ میں جو امتحان رکھا ہے اُس کو ملتوی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے انہیں وہاں تک پہنچنے میں مشکلات آئیںگی ۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی وجہ سے جنوبی کشمیر سے کوئی بھی گاڑی انہیں کالج تک پہنچانے کیلئے تیار نہیں ہے ۔