نیوز ڈیسک
جموں// ایک اہم فیصلے میں، جموں و کشمیر نے آج یعنی پیر 16جنوری سے مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سکریٹریوں کی کمیٹی (سی او ایس) کی میٹنگ میں کیا جس میں تمام انتظامی سکریٹریوں نے شرکت کی۔ڈاکٹر مہتا نے کمشنر سکریٹری، آئی ٹی کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری خدمات آج سے صرف آن لائن موڈ کے ذریعہ دستیاب ہوں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی سروس آف لائن نہیں رہے گی اور درخواست دہندگان کو کسی بھی خدمات کے حصول کے لیے کسی بھی سرکاری دفاتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔چیف سکریٹری نے تمام سکریٹریوں کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کی نگرانی کریں کہ خدمات آن لائن بغیر کسی پریشانی کے فراہم کی جارہی ہیں۔چیف سکریٹری نے انہیں عوام کو مدد فراہم کرنے کے لیے انتظامی محکموں کے ساتھ ساتھ ایچ او ڈی کی سطح پر اور ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں کنٹرول رومز بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ان سے مہم چلانے کو کہا تاکہ عوام میں کافی بیداری پیدا ہو۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں اور پنچایت سطح پر بیداری پروگرام منعقد کریں۔انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی تمام خدمات کا نوٹس لیں اور ان احکامات پر عمل درآمد کریں۔چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ تمام محکموں میں 400 سے زیادہ خدمات پہلے ہی آن لائن موڈ میں پیش کی جا چکی ہیں اور ان میں سے بہت سی آر اے ایس کے کوالٹی چیک اور فیڈ بیک حاصل کرنے کے طریقہ کار کے ساتھ مربوط ہیں۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ خدمات عام لوگوں کی آسانی اور مفت رسائی کے لیے ای-UNNAT، سروس پلس اور ڈیجی لاکر کے ڈیجیٹل پورٹل پر بھی موجود ہیں۔