سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پارٹی چیرمین حکیم محمد یاسین کی سربراہی میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقی ہوا۔وفد میں پی ڈی ایف کور گروپ کے ممبران عبدالقیوم میر، فاروق احمد خان ، فیاض احمد ڈار ،مشتاق شمیم اورشیخ فردوس احمد شامل تھے۔وزیر داخلہ کے ساتھ یہ اہم میٹنگ لگ بھگ آ دھے گھنٹے تک جاری رہی جس دوران حکیم یاسین نے اپنی پارٹی کا موقف واضح طور پرپیش کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کوئی تعمیرو ترقی یا اقتصادیات سے جڑامعاملہ نہیں بلکہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو سیاسی سطح پر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے راج ناتھ جی کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 15 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے جو اعلان کیا تھا کہ تنازعہ کشمیر گالی سے نہیںبلکہ ریاستی عوام کو گلے لگاکر حل کیا جائیگااس کو فوری طور پر عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے وزیر داخلہ سے کہا کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے حوالے سے جو انہوں نے ریاست کے دورے پر آنے سے قبل دلی میں پریس کانفرنس میں وعدے کئے اُن وعدوں کو اولین فرصت میںپورا کیا جانا چاہئے۔انہوںنے وزیر داخلہ کو پارٹی کی طرف سے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں اور باتوں کے علاوہ مرکزی سرکار پر زور دیا گیا کہ وہ دفعہ 35-A جو فی الوقت عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے کا دفاع کرنے کے سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ متحرک ہوجائے جو کہ حکومت ہند کا فرض عین ہے تاکہ اس ضمن میں ریاستی عوام میں پائے جارہے خدشات اور تحفظات کا ازالہ ہوسکے۔انہوں نے وزیر داخلہ سے پر زور الفاظ میں استدعا کی کہ مختلف جیلوں میں بند پڑے سیاسی قیدیوں کو رہاکیا جائے اور مزید پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فلفور بند کیا جائے۔