گوجر بکروال کمیونٹیوں کو بااِختیار بنایا جائے گا اور مساوی ترقی کو فروغ دیا جائیگا:وزیر
جموں//وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانا نے متعدد وفود کے ساتھ ملاقات کی۔وفود نے اَپنے مسائل سے وزیر کوآگاہ کیا اور اُن کے ازالے کے لئے یادداشتیں پیش کیں۔دورانِ ملاقات وزیرموصوف نے عمرعبداللہ حکومت کے عوامی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے اور جموں و کشمیر میں ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔گوجر و بکر وال پوسٹ گریجویٹ بوائز ہوسٹل کے ایک وفد نے وزیر موصوف سے ملاقات کی اور ایک تفصیلی چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کیا جس میں طلبأ کے لئے ہنر مندی کی تربیت، مطالعاتی دوروں اور ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع پر زور دیا گیا۔وفد نے مطالبہ کیا کہ طلبأ کے علمی و فکری افق کو وسیع کرنے کے لئے ایک تعلیمی دورہ جلد از جلد منعقد کیا جائے تاکہ اُن کے تعلیمی تجربے میں اِضافہ ہو۔اُنہوں نے اِی۔ لرننگ وسائل تک رسائی کو بہتر بنانے اور تعلیمی سہولیات کو جدید تعلیمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے ڈیجیٹل ٹیبلٹس کی تقسیم کی بھی درخواست کی۔وزیر جاوید رانا نے وفد کو یقین دِلایا کہ حکومت طلبأ کی تعلیمی و بنیادی ڈھانچہ کی ضروریات کوبڑھانے کے لئے پُر عزم ہے بالخصوص اُن کے لئے جو قبائلی اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔اُنہوں نے زور دیا کہ ہوسٹلوں میں بہتر تعلیمی وسائل اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے گا۔بعد ازاں،سیزنل ایجوکیشنل والنٹیئروں( ایس اِی ویز) کے ایک وفد نے بھی وزیر موصوف سے ملاقات کی اور اَپنی خدمات کی مدت میں توسیع کے لئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ ایس اِی ویزنے جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں پھیلی ہوئی نقل مکانی اورخانہ بدوش کمیونٹیوں کے لئے تعلیمی خدمات میں تسلسل کی اہم اہمیت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے وزیرجاوید رانا کو بتایا کہ ایس اِی ویزسیزنل سینٹروں میں زیر تعلیم خانہ بدوش بچوں کو تعلیم دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ اُن کی تعلیم نقل مکانی کے دوران متاثر نہ ہو۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ بیس لائن اور اینڈ لائن سروے کے ذریعے زائد اَز 4,300نقل مکانی کرنے والے طلبأ میں تعلیمی نتائج میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے جو اِن تعلیمی اقدامات سے مستفید ہو رہے ہیں۔وزیر موصوف نے وفد کی بات بغورسنا اورایس اِی ویز کے اس اہم کردار کو سراہا جو وہ تعلیمی خلا پُر کرنے اورنقل مکانی کرنے والی کمیونٹیوں کے بچوں کے لئے تعلیمی جامع مواقع فراہم کرنے میں اَدا کر رہے ہیں۔اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے تمام اقدامات کی حمایت کے لئے پُرعزم ہے جو معاشرے کے تمام طبقوں میں بااِختیاری اور ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔وزیر جاوید رانا نے خانہ بدوش آبادیوں کی تعلیمی ترقی میں ایس ای ویز کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل کو ترجیحی اور میرٹ کی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے ایک بار پھر حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا، قبائلی ونقل مکانی کرنے والی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنایا جائے گا اور جموں و کشمیر میں مساوی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔