عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے منگل کے روز حکام پر زور دیا کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ کیوں پڑھے لکھے نوجوان بنیاد پرستی اور ملی ٹینسی کی سرگرمیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ بخاری نے کہا، یہ تشویشناک ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان بنیاد پرست ہو رہے ہیں اور ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ بخاری نے کہا کہ یہ واقعہ ایک سنگین چیلنج ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے فوری، ایماندارانہ خود شناسی کی ضرورت ہے۔حالیہ دہلی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے،اپنی پارٹی سربراہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہر قسم کے تشدد کے خلاف کھڑی ہے اور ملوث پائے جانے والوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے واقعے سے متاثرہ تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے،لیکن بے گناہوں کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔”بخاری نے نوگام پولیس سٹیشن میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں جانی نقصان پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جانیں گنوانے والوں کے لواحقین کو حکومت کی طرف سے مناسب معاوضہ دیا جانا چاہیے اور دھماکے میں جن لوگوں کے مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے ان کی خاطر خواہ مدد کی جانی چاہیے۔بخاری نے مزید کہا، “ہم ان تمام خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے نوگام تھانے کے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور جن لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا ان کو بھی مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔”