بارہمولہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری ،وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اورباغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے ممتاز ماہر تعلیم اور ثقافتی کارکن مرحومہ عتیقہ بانو کے گھر جاکر سوگوارخاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوپور کا دورہ کر کے ذاتی طور پرممتاز ماہر تعلیم مرحومہ عتیقہ بانو کے افراد خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحومہ نے ریاست کی خواتین کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے اور انہیں با اختیار بنانے کے ضمن میں کافی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر کی خواتین کو تعلیمی طور با اختیار بنانے کے لئے مرحومہ نے مجلس النساء کے ذریعے انتھک کوششیں کر کے ہمارے لئے ایک سبق پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحومہ نے سوپور میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد میراث محل قائم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میراث محل کا قائم ہونا ہمارے لئے ایک سبق سے کم نہیں کہ ہم متحرک ہوکر اپنی ثقافت، روایات، زبان اور تمدن کو تحفظ دینے میں اپنا رول اداکریں۔مال، امداد اور بازآبادکاری کے وزیر عبدالرحمان ویری کے ہمراہ وائس چیئرمین ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ کارپوریشن نظام الدین بٹ بھی تھے۔دونوں لیڈروں نے یہاں کی ثقافت اور ورثے کو تحفظ دینے میں مرحومہ کے رول کی ستائش کی۔وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے مرحومہ کو خراجِ عقیدت ادا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔وزیر موصوف نے مرحومہ کو ایک قابل استاد اور سماجی کارکن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی ساری زندگی شمالی کشمیر میں تعلیم کے نور کو عام کرنے میں اپنی نمایاں خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ سوپور میں میراث محل کی تعمیر اُن کی بے لوث کوششوں کا ہی نتیجہ ہے۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی ثقافت کو تحفظ دینے میں مرحومہ کا رول ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی انتھک کوششوں کی بدولت ہی سوپور میں اپنی نوعیت کا پہلا میراث محل قائم کیا گیا۔نیشنل کانفرنس کے ایک وفد نے پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال کی قیادت میں سوپور جاکرسوگواروں کی ڈھارس بندھائی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم پی شریف الدین شارق نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحومہ ایک قابل ماہر تعلیم، ادیب اور سماجی شخصیت کی مالک تھیں۔پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کشمیر نے مرحومہ کو خراج عقید ت پیش کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر غلام نبی وار کی سربراہی میں سنیچر کو غمزہ کنبے کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سوپور گیا۔ وفد میں عنایت اللہ حاجی، ربین احمد ، اختر سلفی، محمدظفراللہ، اعجاز مسعودی ،بشیر احمد شاہ اور دیگر افراد شامل تھے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عیقہ بانو اپنے کام کی وجہ سے صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔ ایسوسی ایشن صدر جی این وار نے کہا کہ عتیقہ بانو ایک بہادر خاتون تھیں اور ہمیشہ سے ہی لوگوں خاصکر خواتین کی بہبود کیلئے کام کیا کرتی تھیں۔