جموں // تصدق مفتی نے وزیر اعلیٰ شکایتی سیل میں کوارڈ نیٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔انکا استعفیٰ دو روز بعد اس پیش رفت کے بعد سامنے آیا ہے جب ریاستی حکومت نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی کو ریاستی قانون ساز کونسل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریاستی حکومت نے اس ضمن میں ایک پرپوزل کابینہ وزراء کو بھیج دیا ہے اور بیشتر کابینہ وزراء نے اس پر اپنی حامی بھی بھر لی ہے۔ دو روز بعد پرپوزل کو ریاستی گورنر کو بھیج دیا جائیگا۔ گورنر کی منظوری کے بعد تصدق مفتی کو قانون ساز کونسل کا ممبر نامزد کرنے کی نوٹیفکیشن جاری کی جائیگی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے وکرمہ دتیہ سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد کونسل کی نشست خالی ہوئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدق مفتی کو غالباً وزارتی کونسل میں شامل کیا جائیگا جس کے لئے کابینہ میں معمولی ردوبدل ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔