کپوارہ// کپوارہ کے ترہگام قصبہ میں ایک روز قبل دوران آگ کی ایک واردات میں 5دکانیں جل کر خاکستر ہوئیں ۔ لوگو ں نے علاقہ میں ایک فائر برگیڈ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ترہگام میں ایک اور فائر برگیڈ کی ضرورت ہے ۔ ترہگام قصبہ کے مین بازار میں چک پورہ مسجد کے نزدیک ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو ایک دکان سے چانک آگ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور دوسرے دکانو ں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگو ں نے جو ں ہی آگ کی واردات سے متعلق خبر سنی تو وہ وہا ں پہنچ گئے اور بچائو کاروائی شروع کی تاہم ترہگام میں موجود فائر بر گیڈ اس وقت ایک نزدیکی گائو ں ہائن میں آگ کی ایک الگ واقعہ میں بچائو کاروائی میں مصروف تھے جس کے نتیجے میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو کرالہ پورہ اور کپوارہ سے فائر برگیڈ ترہگام روانہ کرنے پڑے اور باقی بازار کو بروقت کاروائی کے دوران بچایا گیا تاہم 5دکانیں مکمل طور خاکستر ہوئیںجن میں بشیر احمد شیخ ،محمد یوسف ملک ،عاشق حسین شیخ ،محمد یاسین زرگر اور عبد السبحان گنائی کی دکانیں شامل ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ چک پورہ میں پانی کی شدید قلت ہے اور اُس وقت بھی ان کے گھرو ں میں پانی کی ایک بوند بھی موجو د نہیں تھی جسے وہ آگ بجھانے کے دوران استعمال کرتے تھے ۔لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ رات کی تاریکی میں اپنے گھرو ں سے باہر آئے اور دھکے کھا کھا کر جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچائو کاروائی شروع کی ۔لوگو ں نے اتوار کی صبح کو مین چوک ترہگام میں پانی اور بجلی کی عدم دستیابی پر کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر دھرنا دیا اور الزام لگایا کہ یہا ں پانی اور بجلی کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جس دوران ترہگام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آ یا اس وقت ایک نزدیکی گائوں ہائن میں بھی آگ لگ گئی تھی اور ترہگام کا فائر برگیڈ وہا ں بچائو کاروائی میں مصروف تھا ۔احتجاج کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ شاہراہ پر گاڑیو ں کی نقل و حمل بھی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی جس کے بعد تحصیلدار ترہگام نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگو ں کا سد باب کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔اس حوالہ سے جب اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی کپوارہ عبد الخالق سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے کہا کہ ترہگام علاقہ میں ایک اور فائر برگیڈکی ضرورت ہے تاہم محکمہ میں افرادی قوت کی کمی کے سبب فی الحال ایسا ممکن نہیں ہے۔