انقرہ//ترکی نے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندی پر عمل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولود جاویش اوغلو نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل در آمد کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل نہیں کرے گا اور اس فیصلے سے امریکا کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ ترکی کے اس اعلان کے بعد نیٹو اتحادیوں کے درمیان تناؤ میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ترکی تیل اور قدرتی گیس کی ضروریات کے لیے ایران پر انحصار کرتا ہے تاہم امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں توسیع نہ کرنے اور ایران پر اقتصادی پابندی عائد ہونے کے باعث ترکی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جس کے بعد روس، ترکی اور ایران کی قربتیں بڑھ گئی ہیں۔یواین آئی