بانہال//نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے آج پی ڈی پی۔بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت کے دور اقتدار میں ریاست کے پسماندہ علاقوں کو یکسر طور نظر انداز کیا ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔شاہین اکھڑال میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے رمسا کے تحت ماڈل ہائر سکینڈری سکول کو رام سو سے گول منتقلی کو سیاسی رقابت بتایا۔انہوں نے کہا کہ 2سال قبل یہ سکول منظور ہوا تھا۔انہوں نے اس ضمن میں مقامی ممبر اسمبلی کی خاموشی پر بھی افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ وہ رام سو کے لوگوں کے حقوق کی حفاظت کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔شاہین نے خبر دار کیا کہ اگر اس سکول کو گول منتقل کیا گیا تو علاقہ کے لوگ خوموش تماشائی بنے نہیں رہیں گے بلکہ وہ سڑکوں پہ آکر احتجاج کریں گے اور دھرنے بھی دیں گے جس کی تمام ترذمہ داری حکومت پہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس شعبہ تعلیم میں سیاسی مداخلت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے اکھڑال اور دیگر علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا اور ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ ان کے ازالہ کے لئے جلد قدم اٹھائے۔جن میں برائے نام بجلی کی سپلائی پانی کی کمی اورCAPDکے سٹور میں غذائی اجناس کی کمی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔جس کی وجہ سے ریاست میں ترقیاتی کام بالکل ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔اس موقعہ پر پی ڈی پی کے ورکروں عبدالمجیدکمار،غلام محمد شیخ،نذید احمد کٹوچ،عرفان رونیال،محمد قاسم،محمد رفیع ملک اور دیگران نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔شاہین نے نیشنل کانفرنس میںشمولیت اختیار کرنے کے لئے پی ڈی پی کے ان ورکروں کا خیر مقدم کیا۔اس موقعہ پر ضلع نائب صدر مولوی عبدالطیف تحصیل انچارج اوکھڑال عبدالقیوم وانی،بلاک صدر ریاض احمد میر محمد نائیک یوتھ بلاک صدر محمد شاہین رونیال،جگجیت سنگھ،بلاک سیکریٹری نجیب الرحمان رونیال بھی موجود تھے۔