کشتواڑ//ترقی اور خوشحالی کو امن سے مشروط کرتے ہوئے قانون سازکونسل اور وقف کونسل کے رکن فردوس ٹاک نے آپسی بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنائے رکھنے کشتواڑ کے لوگوں کومبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ولیوں اور فقیروں کی اس سرزمین پر روایتی یکجہتی ہمیں اپنے اسلاف سے ورثہ میں ملی ہے جسے قائم رکھ کر ہی ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہو اجا سکتا ہے ۔وہ اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسر چ سنٹر کے سالانہ دن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قریب 100برس قدیم یہ تعلیمی ادارہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام چلایا جا رہا ہے ۔ فردوس ٹاک نے علاقہ کے عوام بالخصوص سیاستدانوں کو دعوت دی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس تاریخی ادارہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے متحدہ کوشش کریں تا کہ یہ ادارہ امت مسلمہ اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک قابل فخر اثاثہ بن سکے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو برس قبل یہ ادارہ ایک مخصوص سیاسی فکر و نظر کا حامل نظر آتا تھا لیکن آج تمام اراکین قانون سازیہ اور عوام اس اہم انسٹی چیوٹ کی بہبود و ترقی کے لئے سیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی پی سرکار کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ پوری امت کو ایک صف میں لا کھڑا کیا ہے جو ادارہ کے تئیں اخلاص سے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس ادارہ کی کلہم ترقی کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی، سماجی اور دینی تنظیموں کو دعوت دی کہ وہ آگے آکر ا سلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسر چ سنٹرکی ہمہ جہت ترقی کے لئے مل کر کام کریں تا کہ اسے ایک مثالی ادارہ بنایا جا سکے ۔ فردوس ٹاک نے نرسنگ کالج کے قیام اور اسلامیہ اسکول کو فراخدلانہ مالی امداد کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے تئیں ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے ادارہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے اوقاف اسلامیہ،جو اقرباء پروری اور سیاسی خوشنودی کا گڑھ بن چکا تھا، کو امت اسلامیہ کیلئے ایک فلاحی تنظیم کے طور پر قائم کر دیا جس کے نتیجہ میں ریاست میں 2یونیورسٹیوں اور ایک درجن نرسنگ کالجوں کے قیام کی راہ ہموار ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑی میں ایک یونیورسٹی کا قیام مرحوم قائد کا ایک خواب تھا جسے شرمندہ ٔتعبیر کرنے کے لئے موجودہ حکومت کام کر رہی ہے ، اور توقع ظاہر کی کہ سرکار خطہ میں ایک ایسے جامع کا قیام عمل میں لائے گی جو نہ صرف خطہ چناب بلکہ پورے جموں صوبہ کے مسلمانوںکی آئندہ نسلوں کیلئے ایک اہم ادارہ بن جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسر چ سنٹر میں 200بچوں کو مفت تعلیم دی جا رہی ہے لیکن مالی حالت اچھی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ، او راعلان کیا کہ وہ صاحب ثروت اصحاب، غیر سرکاری انجمنوں اور تجارتی گھرانوں کو ترغیب دیں گے کہ وہ ان بچوں کی فیس کی ادائیگی کیلئے آمادہ ہو جائیں ۔اس کے علاوہ مستقبل قریب میں گرلز ہوسٹل کی تعمیر اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترویج کا کام بھی ہاتھ میں لیا جائے گا۔ اس موقعہ پر ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی ،امام جامع مسجد کشتواڑ فاروق احمد کچلو ،سابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ کشتواڑ تنویراحمد کچلو، ایڈمنسٹریٹر اوقاف کشتواڑ قاضی مشتاق احمد، سابق ایڈمنسٹریٹرشیخ شوکت بھی موجود تھے۔ مختلف شعبوںمیں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں توصیفی اسناد و میڈل تقسیم کئے گئے۔