ترال// ترال کے کئی دیہات میں پینے کے صاف پانی کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تحصیل آری پل کے ہر گام خانہ گنڈ اور آستان محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک مدت سے ان علاقوں میںپینے کے پانی کی قلت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سپلائی لائن میں کہیں خرابی پیدا ہوگئی ہے جسے اگرچہ ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے لیکن صورتحال جوں کی توں ہے۔لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک سڑک پر میکڈم بچھایا گیا جہاں سے یہ لائن گزرتی ہے اسلئے خدشہ ہے کہ شائد اس دوران ہی کوئی خرابی ہوئی ہے۔ادھر آدہ محلہ ستورہ کی بستی کا کہنا ہے کہ انہیں فلٹر کئے بغیر ایک ندی کا پانی فراہم کیا جاتا ہے جوناصاف ہے جبکہ لاکھوں روپے مالیت سے ایک فلٹریشن پلانٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پلانٹ کو نا معلوم وجوہات کی بناء پر استعمال میں نہیں لایا جارہا ہے۔۔ادھر رٹھسونہ،گترو،گلشن پورہ کھل باغ میں کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جس کے سبب لوگ پریشان ہیں ۔ ادھر نائیک محلہ پنگلش ترال کے لوگوں نے بھی اسی طرح کے مسئلہ کی شکایت کی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس اہم مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ تاہے ۔ انہوں نے جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میں فوری مدا خلت کی اپیل کی ہے ۔