ترال//سیر جاگیر ترال میں جنگجوئوں نے فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا۔واقعہ کے بعد فورسز نے وسیع علاقے کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی کاروائیاں کیں۔قصبہ سے سات کلومیٹر دور سرگرم حزب کمانڈر حماد خان کے آبائی علاقے سیر جاگیر ترال میں جنگجوئوں نے منگل چار بجے کے قریب گائوں سے گزر رہے42 آر آر کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ اپنے گھروں میں تھے تو اسی دوران پہلے ایک دھماکے کی آوازسنا ئی دی گئی اور بعد میں زبردست فائرنگ شروع ہوئی۔ ابتدائی طور پرایسا لگا کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے اور لوگ گھروں کے اندر سہم کر رہ گئے۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا کہ جنگجوئوں نے پہلے گشتی پارٹی پر گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھما کے ساتھ پھٹ گیااور بعد میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ فائرنگ کی گن گرج سے دور دور تک علاقہ لرز اٹھا ۔ تاہم جنگجو حملہ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ذرائع سے معلوم ہوا کہ واقعہ میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ۔ واقعہ کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آور جنگجوئوں کی تلاش شروع کی ۔واقعہ کے چند منٹ بعد جب یہ خبر ترال پہنچی تو قصبے میں نوجوانوں کی ایک ٹولی نے بس اسٹینڈ ترال میں زبردست نعرے بازی شروع کر کے گاڑیوں اور دکانوں پر پتھرائو کیا جس کی وجہ سے بازار میں افرا تفری پھیل گئی اور آناً فاناًبازار بند ہو کر ہڑتال ہوئی۔