بھدرواہ//گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں تدریسی عملے کی کمی اور دیگر سہولیات پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے طالب علموں کو درپیش مسائل کو کم نہ کرنے پر حکومت اور اعلیٰ حکام پر تنقید کی۔یہ کالج 1989میں قائم کیا گیا تھا لیکن اس ادارے میں آج بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے قومی کونسل ممبر کامریڈ مکیش پریہار نے کالج کیلئے مستقل ملازمین ،آ ڈیٹوریم،2نئے امتحا نات ہال اور 5کلاس روم بنانے کا مطالبہ کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ سہولیات کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ پریہار نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ چناب خطے کے کالجوں کو نظر انداز کیا ہے۔ان کاکہناتھاکہ آڈیٹوریم کا مطالبہ کوئی نیا نہیں ،یہ مطالبہ تب سے ہے جب وہ گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں زیر تعلیم تھے۔انہوںنے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے ایک ادارے کے ناطے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ کیلئے بنیادی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ مستقل ملازمین کی کمی ریاست کے تمام کالجوں بالخصوص گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔