سوپور//تجرشریف سوپورمیں فورسز نے شبانہ چھاپوں کے دوران 10مقامی نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔مقامی آبادی ان گرفتاریوں کیخلاف سرپا احتجاج ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچراوراتوارکی درمیانی شب پولیس اورفورسزنے مشترکہ طورپرتجرشریف میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔لوگوں نے بتایاکہ گھرگھرتلاشی کارروائی کاسلسلہ رات دیرگئے شروع کیاگیاجس کے دوران فورسزاہلکارنوجوانوں کوتلاش کرتے رہے ۔بستی میں تلاشی آپریشن کے دوران 10نوجوان کو گھروں سے گرفتارکیاگیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ تلاشی کارروائی چندروزقبل یہاں ایک جنگجومخالف کارروائی کے دوران ہوئے احتجاجی مظاہروں اورخشت باری کے بعدعمل میں لائی گئی ۔انہوں نے نوجوانوں کی گرفتاری کوبلاجوازقراردیتے ہوئے کہاکہ ان میں کئی ایسے نوجوان ہیں جوزیرتعلیم ہیں اورجن کاکسی مظاہرے یاخشت باری سے کبھی کوئی لینادینانہیں رہاہے۔تاہم ایس ایس پی سوپورجاویداقبال نے بتایاکہ تجرشریف سوپورمیں حراست میں لئے گئے سبھی نوجوان حالیہ دنوں میں احتجاجی مظاہروں میں پیش پیش اورپولیس وفورسزپرسنگباری میں شامل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مظاہروں اورسنگباری کی پاداش میں 10نوجوان حراست میں لئے گئے۔