محمد تسکین
بانہال// منگل کی شام سے رات دیر تک ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ مہو منگت سمیت پیر پنجال کے تقریباً تمام اوپری پہاڑیوں پر اس موسم کی ایک اور برفباری ہوئی ۔ بدھ کی صبح سے موسم صاف ہوگیا اور کھلی کھلی دھوپ آئی تاہم پہاڑوں پر تازہ برفباری اور برفباری سے دھکے پہاڑوں سے ٹکرا کر آنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کا بھی زور رہا تاہم بانہال کے علاقوں میں روا یتی ہوا کی تیزی میں شدت تھی جو شام تک جاری تھی۔ اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور بدھ کی صبح سے شام تک سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا جبکہ شیر بی بی کے کشتواڑی پتھر کے پاس شاہراہ کا ایک حصہ جانے کی وجہ سے یہ حصہ یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہی ہے اور اسی وجہ سے پچھلے دس بارہ روز سے ٹرکوں کو یکطرفہ طور ہی چلنے کی اجازت ہے۔