کپواڑہ//ضلع کپوارہ میں تازہ برف باری کے بعد سرحدی علاقوں کو جانے والی سڑکیں احتیاطی طور بند کی گئیں تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے ۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں پیراور منگل کی درمیانی رات کو تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ میدانی علاقوں بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا جو منگل دوپہر تک جاری رہا ۔ضلع کے سرحدی علاقوں کو جانے والی شاہرائوں کو گاڑیوں کی آ مد و رفت کے لئے احتیاطی طور بند کیا گیا ۔7جنوری کو چوکی بل کرناہ سڑک پر برفانی تودو ں کے زد میں آکر 10عام شہریو ں کی ہلاکت کے بعد ضلع انتظامیہ برف باری شروع ہوتے ہی کوئی خطرہ مول لینا نہیںچاہتی ہے کیونکہ برف باری شروع ہوتے ہی کیرن ،مژھل اور کرناہ علاقوں کو جانے والی سڑکو ں پر برفانی تودے گر آ نے کا خطرہ لا حق رہتا ہے ۔معلوم ہو اہے کہ نستہ چھن گلی پر 8انچ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ زیڈ گلی مژھل پر ایک فٹ اور فرکیا ں گلی پر 7انچ برف جمع ہوئی تھی ۔ضلع انتظامیہ نے منگل کی صبح سے ہی ان علاقوں کو جانے والی شاہرائو ں کو احتیا طی طور بند کیا ۔ا س دوران کرناہ کے لوگو ں نے ایک بار پھر اپنے اس مطالبہ کو پھر سے دہرایا کہ برف باری کے دوران چوکی بل کرناہ سڑک پر حادثات کے پیش نظر ٹنل تعمیر کرنی چاہئے تاکہ کرناہ کی آ بادی کو موسم سرما میں برف باری کے دوران آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔