سرینگر// پائین شہر میں سخت ترین پابندیوں کے دوران تاریخی جامع مسجد میں کل لگاتار دوسریدوسرے جمعہ کو بھی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔شوپیان میں شہری ہلاکتوں پر مزاحتمی قیادت نے شوپیان چلو کال دی تھی جس کے پیش نظر پائین شہر میں بندشیں عائد کی گئیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جامع مسجد کی طرف جانے والے تمام راستے مکمل طور سیل کردئے گئے تھے اور وہاں کی طرف جانے کی کسی کو اجازت نہیں دی گئی ۔ پابندیوں کے باعث جامع مسجد کے ساتھ ساتھ کئی دیگر مساجد میںبھی نماز جمعہ کی ادائیگی ممکن نہیں ہوسکی۔ پابندیوں کے نفاذ کے طور پر پائین شہر کی بیشتر سڑکوں کو جمعہ کی صبح ہی سیل کردیا گیا تھا جبکہ ان پر لوگوں کی نقل وحرکت کو روکنے کے لئے بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی نفری تعینات کی گئی تھی۔ نوہٹہ کے لوگوں نے بتایا کہ تاریخی جامع مسجد کے دروازوں کو جمعہ کی صبح ہی مقفل کردیا گیا تھااور لوگوں کو جامع مسجد کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جس پر عوامی حلقوں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار تاریخی جامع مسجد کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سرکار مداخلت فی الدین کی کارروائی انجا م دے رہی ہے۔