عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//سونے کے عالمی نرخوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد منگل کو نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمتیں 4.9فیصد گر کر ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ یہ پانچ سال کے دوران سونے کے نرخوں میں ایک دن میں ہونے والی سب سے بڑی کمی تھی۔ عالمی خبر رساں اداروںکے مطابق منگل کے روز اسپاٹ گولڈ 4.9فیصد گر کر 4143ڈالر فی اونس کی ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گیا تھا، جو اگست 2020 کے بعد ایک دن میں ہونے والی سب سے بڑی کمی تھی۔ اسی طرح دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی سونے کے فیوچرز 4.7فیصد گر کر 4155ڈالر فی اونس پر آ گئے۔ واضح رہے کہ سونے کی قیمتیں پیر کے روز 4381.21ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں اور اس سال تقریباً 60 فیصد بڑھ چکی ہیں، جس کی وجہ سے جغرافیائی و اقتصادی غیر یقینی صورتِ حال، شرحِ سود میں کمی کی توقعات اور مرکزی بینکوں کی جانب سے مسلسل خریداری ہے۔دھاتوں کے تاجر تائی وونگ نے بتایا کہ کل تک بھی سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کے دوران خریداری کی جا رہی تھی، لیکن گزشتہ ہفتے بلند سطحوں پر اچانک بڑھتا ہوا اتار چڑھا احتیاط کا اشارہ دے رہا ہے جس سے قلیل مدتی منافع لینے کی ترغیب مل سکتی ہے۔