جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ جموں و کشمیر کے تاجروں اور صنعتوں کو مختلف سکیموں کے تحت تمام سہولیات اور فوائد کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔اِن باتوں کا اِظہار مشیر فاروق خان نے سول سیکرٹریٹ میں ٹریڈرس اِنڈسٹری سیل کے وفد سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران کیا۔وفد میں راکیش مہاجن (اِنچارج ٹریڈ اِنڈسٹری سیل) ، شام لال لنگر (کنوینر ٹریڈ اِنڈسٹری سیل) ، رام لنگر ، وِکاس جنڈیال ، جینندر جین اور راجیش ٹھاکر شامل تھے۔وفد نے مشیرکو یہاں کے تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں ایک یاد داشت پیش کی۔وفد نے خشک میوہ جات تاجروں کے لئے معاوضے کا مطالبہ کیا جن کو لاک ڈاؤن کے دوران کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ اُنہوں نے جے ڈی اے ، میونسپلٹی ،مکانات وغیرہ کے تحت دکانوں کے کرایہ اور بجلی بلوں کو معاف کرنے کا بھی مطالبہ کیا کیوں کہ کورونا ۔19وَبائی امراض کے دوران کم معاشی سرگرمی کی وجہ سے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔وفد نے صنعتی علاقوں کو فری ہولڈ اور ویئر ہاؤس میں اضافی منزلیں تعمیر کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔مشیر موصوف نے وفد کے مطالبات اور مسائل بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ تجارت اور صنعتی شعبے سے متعلق تمام امور کا معیاد بند طریقے پر حل کیا جائے گا۔مشیر نے کہا کہ تاجروں کو جلد ہی نیشنل ہائی وے کے قریب تمام جدید سہولیات سے آراستہ وسیع وئیر ہاوس فراہم کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف کی فراہمی کے لئے یوٹی اِنتظامیہ تجارت اور صنعتی شعبے سے متعلق تمام امور کے ازالے کے لئے ضروری اِقدامات کررہی ہے۔