الیکشن کمیشن کی ٹیم فروری کے پہلے ہفتے میں دورہ کرکے فیصلہ کرے گی
جموں //ریاست کی سیاسی جماعتیں پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہی اسمبلی چنائو کرانے پر متفق دکھائی دیں۔ ملاقات کے دوران چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کو بتایاکہ فرور ی کے پہلے ہفتے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم ریاست کا دورہ کررہی ہے جس دوران سبھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ علیحدہ میٹنگیں کی جائیں گی جس میں ہی یہ طے ہوگاکہ انتخابات ایک ساتھ کروائے جائیں یا نہیں ۔پی ڈی پی جنرل سیکریٹری فقیر چند نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ تمام سیاسی جماعتوں نے ایک ساتھ یہ کہاکہ اسمبلی وپارلیمانی چنائو ایک ساتھ کروائے جائیں ۔ ان کاکہناتھاکہ سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کا یہ مشورہ تھا کہ اگر اسمبلی چنائو پارلیمانی الیکشن کے ساتھ مئی کے مہینے میں نہیں کروائے جاتے ہیں تو پھر یہ عمل اگست۔ستمبر تک تاخیر کا شکار ہوجائے گا کیونکہ اس دوران درکار سیکورٹی امرناتھ یاترا پر مامور ہوگی اور اگست ۔ستمبر میں چنائو کروائے جانے کے نتیجہ میں انتخابی عمل پر مزید اخراجات اٹھانے پڑیں گے ۔
وہیں بی جے پی کے جنرل سیکریٹری یدھویر سیٹھی نے بتایاکہ تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایک ساتھ انتخابات کروائے جانے کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد انہوں نے چیف الیکٹورل افسر سے کہاکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم پر چھوڑا جائے جو فروری کے پہلے ہفتے میں ریاست کا دورہ کرے گی ۔اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے صوبائی سیکریٹری شیخ بشیر احمد نے بتایاکہ سب سے پہلے نیشنل کانفرنس نے ہی دونوں انتخابات ایک ساتھ کروانے کا مطالبہ کیاتھا۔شیخ بشیر کاکہناتھا’’میں نے سی ای او کو بتایاکہ منطقی طور پر اسمبلی اور پارلیمانی چنائو علیحدہ علیحدہ کروانے کاکوئی جواز نہیں ، میں نے سپریم کورٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں انتخابات گورنر رول کے چھ ماہ کے اندر کروانے کاکہاگیاہے اور میرے سوال پر سی ای او نے بتایاکہ ان کا دفتر اسمبلی اور پارلیمانی چنائو کے انعقاد کیلئے تیاری کررہاہے لیکن اس پر فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لیناہے ‘‘۔شیخ بشیر نے کہاکہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے بی جے پی قیادت نے کچھ بھی نہیں کہا ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری عثمان مجید نے بتایاکہ ریاست میں پولنگ کی شرح میں اضافہ کرنے کی خاطر لوگوں کیلئے مناسب جگہوں پر پولنگ مراکز قائم کئے جائیں ۔دریں اثناء نیشنل پنتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے اس میٹنگ سے واک آئوٹ کردیا ۔ پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہرش دیو نے کچھ سیول و پولیس افسران پر سیاسی جماعتوں کے حق میں مہم چلانے کے الزام میں واک آئوٹ کیا ۔دریں اثنا ء چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار کیساتھ ہوئی میٹنگ کے دوران ریاست کی تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ چناؤ عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سی ای او نے ریاست میں آنے والے انتخابات کے حوالے سے ان سیاسی لیڈروں کا نکتہ نظر حاصل کیا ۔ انہوں نے ریاست میں پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں انتظامیہ کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی ۔سی ای او نے ایک ساتھ چناؤ کرانے کے تعلق سے ریاستی حکومت کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات منعقد کرانے کیلئے پہلے ہی تمام لازمی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن اب چناؤ کے انعقاد کے بارے میں حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کو لینا ہے ۔سی ای او نے کہا کہ وہ لگاتار سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے رہیں گے تا کہ وہ چناؤ عمل میں شفافیت لانے کیلئے اُن کی تجاویز حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نتایج حاصل کرنے کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کا تعاون لازمی ہے ۔