سرینگر//گزشتہ 12 دنوں سے لاپتہ بارہمولہ کے ایک نوجوان کے لواحقین نے جمعرات کوپریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے لخت جگر سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی ہے گھر واپس لوٹ آئے ۔ لواحقین نے بتایا کہ ناصر امین درزی ولد مرحوم محمد امین درزی ساکن اولڈ ٹائون بارہمولہ 2دسمبر کو گھر سے بارہمولہ عدالت میں کسی کیس کی شنوائی کے سلسلے میں حاضر ہونے کیلئے نکلا لیکن بارہ دن گذرجانے کے بعدگھر واپس نہیں لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں متعلقہ پولیس اسٹیشن میںرپورٹ بھی درج کی اورناصر کی بسیار تلاش بھی کی لیکن اُن کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا ،’’ ناصر پیشے سے ایک رنگ ساز ہے وہ گھر کا واحد کمائو ہے اس کی ایک چھوٹی بہن اور ایک چھوٹا بھائی ہے جو دونوں زیر تعلیم ہیں اور اس کی ماںعمر رسیدہ ہے ‘‘۔انہوں نے اشک بار آنکھوں سے ناصر سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی ہے وہ فوراًً گھر واپس لوٹ کر اپنے معمر دادا ، والدہ اور بھائی اور بہن کی کفالت جاری رکھے۔ ناصر کی بہن نے بتایا ،’’ہم ناصر کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے وہ کماتا ہے اور ہم کھاتے اور پڑھائی کرتے ہیںاگر وہ واپس نہیں آیا تو ہم سب کی زندگیاں جہنم زار بن جائیں گی‘‘ ۔انہوں نے روتے ہوے کہا،’’ ہم تمام میڈیا والوں اور دیگر لوگوںجو ہماری اس مصیبت میں مددکر سکتے ہیں ،سے گذار ش کرتے ہیں کہ وہ ناصر کو تلاش کرنے کیلئے ہماری مددکریں ۔‘‘پریس کالونی میں احتجاج درج کرنے آئے ناصر کی والدہ ، دادا ، بھائی ،بہن اور دیگر لوگ زار وقطار رورہے تھے ۔