جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بنکنگ مالی خدمات اور بیمہ شعبے میں روز گار سے متعلق تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ۔ اس ضمن میں ممبئی سٹاک ایکسچینج اور مشن یوتھ جے اینڈ کے کے مابین مفاہمت نامے پر پہلے ہی دستخط ہوئے ہیں ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت جموں کشمیر کے نوجوانوں کیلئے بنکنگ اور مالی خدمات شعبے میں روز گار کے نئے مواقعے پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنکنگ مالی خدمات اور بیمہ شعبے میں کافی ترقی دیکھنے میں آئی ہے جس کی وجہ صارفین میں مختلف سرمایہ کاری کے مواقعے کے بارے میں جانکاری کاحصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی بے پناہ صلاحیت سے جموں کشمیر کے معاشرے کے مختلف طبقوں کیلئے روز گار کے حصول کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں ۔ بنکنگ شعبے میں روز گار کے مواقعے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بنکنگ شعبے میں اصلاحات اور سرمایہ کار دوست ماحول قائم کرنے سے میعشت میں کافی بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو بنکنگ اور دیگر شعبوں سے متعلق اپنے ہنر کو بہتر بنا کر ان مواقعے سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ میچول فنڈ ایڈوائیزرس کیپسول کورس کیلئے منتخبہ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس قلیل مدتی تربیتی پروگرام سے انہیں بحثیت صنعتکار اپنا سفر شروع کرنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف وہ اپنے لئے اور مزید نوجوانوں کیلئے بھی روز گار فراہم کر سکتے ہیں ۔