جموں//مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بین ریاستی اور اندرون ریاست ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی عائد نہیں کی جانی چاہئے۔یہ تازہ ہدایات ان شکایات کے بعد جاری کی گئیں کہ مختلف اضلاع اور ریاستوں کی طرف سے نقل و حرکت پر مقامی سطح پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جس سے سامان اور خدمات کی نقل و حرکت میں پریشانی ہو رہی ہے۔ان لاک 3 کے رہنما اصولوں کے تحت جاری کردہ مرکزی سکریٹری داخلہ اجے بھلا کے حکم کے مطابق ’’پابندیوں سے سپلائی چین متاثر ہورہی ہے جس کے نتیجے میں سامان اور خدمات کی فراہمی متاثر ہونے کے علاوہ معاشی سرگرمیوں اور روزگار میں خلل پڑتا ہے‘‘۔اپنے حکم میں بھلہ نے کہا ’’افراد اور سامان کی بین ریاستی اوراندرون ریاست نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہئے، اس طرح کی نقل و حرکت کے لئے کسی علیحدہ اجازت ، منظوری ، ای اجازت ناموں کی ضرورت نہیں ہوگی‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاہدوں کے تحت سرحد پار سے تجارت کے لئے افراد اور سامان کی نقل و حرکت بھی شامل ہے۔