پلوامہ +کپوارہ// پلوامہ کے بیلو راجپورہ میں کریک ڈاﺅن کے دوران فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جبکہ کرالہ گنڈ کپوارہ میں فائرنگ کے بعد تلاشیاں لی گئیں۔جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس، نیم فوجی دستوں اور فوج نے بیلو نامی گاﺅں کا بعد دوپہر محاصرہ کیا۔لیکن کریک ڈاﺅن کے آغاز پر ہی نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے شدید سنگ باری کی جنہیں منتشر کرنے کےلئے شلنگ کا سہارا لیا گیا۔شدید جھڑپوں کے دوران غلام احمد ڈار کے مکان میں آگ لگ گئی ۔ جھڑپوں تب ختم ہوئیں جب گاﺅں کا محاصرہ اٹھایا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شل لگنے سے مکان میں آگ لگ گئی تاہم پولیس نے اسکی تردید کی۔ایس ایس پی پلوامہ نے کہا کہ مکان میں آگ چھت کے آس پاس ظاہر ہوئی اور الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ادھرہندوارہ کے حاجن کرالہ گنڈ میں جمعہ شام دیر گئے باپ ،بیٹے پر فائرنگ کے واقعے بعد فوج ،پولیس اور سی آ ر پی ایف نے علاقہ کے ایک وسیع حصے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ فوج ،پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نے اسلحہ برداروں کی تلاش شروع کی ۔ ہفتہ کی صبح مزید فوج علاقہ میں روانہ کی گئی جس کے بعد قاضی آ باد کے نصف درجن علاقہ جن میں حاجن ،اننون ،گنڈ چبوترہ ،موشنار ،ناری بل ،منگلوار پورہ ،رتکھنڈی ،مقام اور ہندون پورہ شامل ہیں کو محاصرے میں لیکر وہا ں گھر گھر تلاشی کی جبکہ علاقہ میں وسیع اراضی پر پھیلے میوہ با غات کو بھی چھان مارا گیا۔