کشتواڑ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت پر سخت تنقید کی کہ وہ ہر انتظامی شعبے کو اپنے سیاسی اور مالی فوائد کے لیے استعمال کررہی ہے۔ سابق قانون ساز یہ ممبراور سینئر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی رہنما فردوس احمد ٹاک نے کہا کہ ہائی وے سے لے کر پاور پروجیکٹس تک تعمیراتی کمپنیاں بی جے پی لیڈروں کو کام دینے پر مجبور کر رہی ہیں اور انتظامیہ اس کرپٹ اور بلیک میلنگ کے منصوبوں میں شراکت داروں کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وہ ڈوڈہ اور بھدرواہ میں پی ڈی پی کی زونل کمیٹیوں کے اجلاسوں سے خطاب کر رہے تھے جن میں ریاستی سیکرٹری ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین ، میڈیا کوآرڈی نیٹر چودھری پرویز وفا ، ضلع صدر حافظ وانی ، سابق ضلع صدر شہاب الحق اور دیگر شامل تھے۔ ٹاک نے کہا کہ زیادہ تر سرکاری محکمے وادی چناب کے دیہی علاقوں میں غیر فعال ہیں جبکہ افسران جموں میں اپنے مالکوں کو خوش کرنے میں مصروف ہیں تاکہ وہ اپنا دور محفوظ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب کے دورے کے آخری تین دن کے دوران لوگوں نے انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا ہ جو کہ پورے علاقے میں عوام کو درپیش ہیں۔ان کاکہناتھا "سب سے بڑی بات یہ ہے کہ انتظامیہ کو صرف سیاسی دفتر کے ذریعے مسائل کو حل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ بیشتر مقامات پر عام لوگوں کو بھی ضلع دفاتر کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہے تاکہ وہ اپنی شکایات کے ازالے کے لیے مخصوص سیاسی جماعتوں کے دفتر سے پہلے رجوع کریں‘‘۔ ریاستی سیکرٹری ایڈووکیٹ شیخ ناصر نے کہا کہ ہر سرکاری تعمیراتی کام کو ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور ان کے ایجنٹوں کو دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ پارٹی کارکنوں کو نچلی سطح پر عوام تک پہنچنے کی تاکید کرتے ہوئے شیخ ناصر نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے عوامی امنگوں کی واحد نمائندے کے طور پر خود کو اقتدار میں اور باہر بھی ثابت کیا ہے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چودھری پرویز وفا نے کہا کہ خطے کے نوجوانوں کے لیے عوام کے مقصد کے لیے کھڑا ہونے اور لڑنے کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پہاڑی علاقے کی اصل طاقت نوجوان ہیں۔