سرینگر//وزیر برائے تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کلسٹر یونیورسٹی سرینگر اور کلسٹر یونیوریسٹی جموں کے کالجوں میں نرسنگ اور فنِ تعمیر مضامین میں داخلہ لینے والے طلاب کیلئے فیس میں 50 فیصد کمی اور خطِ افلاس کے نیچے گذر بسر کرنے والے طلاب کیلئے ان مضامین کیلئے فیس میںمزید 50 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر نے متعلقہ افسران کو نرسنگ کورسوں کیلئے سالانہ فیس میں عام طلاب کیلئے 65 ہزار سے کم کر کے 32500 روپے کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ خطِ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے طلاب کیلئے فیس صرف 15 ہزار روپے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے فنِ تعمیر کورسوں کیلئے سالانہ فیس عام طالب علموں کیلئے ایک لاکھ سے کم کر کے 50 ہزار اور خطِ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے طلاب کیلئے 25 ہزار روپے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ بخاری نے یہ اعلان کلسٹر یونیورسٹی سرینگر اور کلسٹر یونیورسٹی جموں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کے دوران کیا ۔ دورانِ میٹنگ ان یونیورسٹیوں کی تیز تر ترقی کیلئے لایحہ عمل پر بھی غور وخوض ہوا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، سیکرٹری برائے قانون ، وی سیز کلسٹر یونیورسٹی سرینگر/جموں ، ڈائریکٹر کالجز کشمیر ، ڈائریکٹر آر یو ایس اے ، رجسٹرارز سی یو سرینگر /جموں اور متعلقہ کالجوں کے سربراہاں کے علاوہ اعلیٰ تعلیم اور خزانہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ اس موقعہ پر کلسٹر یونیورسٹیوں کی ترقی سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث لائے گئے ۔ میٹنگ میں دونوں یونیورسٹیوں کیلئے ڈینز کی تقرری کے معاملے پر بھی غور ہوا اور وزیر نے دونوں یونیورسٹیوں کیلئے امیدواروں کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان آسامیوں کی بھرتی کا عمل فوری طور پُر کی جا سکیں ۔ بعد میں وزیر نے کہا کہ ڈینز کی تقرری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی مشاورت سے کی جائے گی جو کہ ان یونیورسٹیوں کی چانسلر بھی ہیں ۔ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کلسٹر یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے کیونکہ یہ یونیورسٹیاں ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہیں اور انہیں معاونت کی از حد ضرورت ہے ۔ وزیر نے وائس چانسلروں کو یونیورسٹیوں کی ترقی سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیلئے ماہانہ میٹنگوں کے انعقاد کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کو مطلع کیا گیا کہ دونوں یونیورسٹیوں کیلئے تیار کئے جانے والے لوگوز 15 اگست تک تیار ہوں گے جو نیشنل انسٹی چیوٹ آف ڈیزائیننگ نے فی لوگو6 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کر رہا ہے ۔ دورانِ میٹنگ دونوں یونیورسٹیوں کیلئے موجودہ فیکلٹی اور اضافی فیکلٹی کی ضرورت پر بھی غور و خوض ہوا ۔