نئی دہلی//انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے فٹنس معیارات کو بڑھانے اور انہیں عالمی معیارات کے قریب لانے کی کوشش کے تحت ان کے یو-یو ٹیسٹ لیول کو 16:1 سے بڑھاکر 17:1 کردیا ہے ۔ بی سی سی آئی نے اس کے علاوہ اپنے نظام میں ایک نئے فٹنس معیار کو منسلک کیا ہے ۔ جوموجودہ وقت میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ کا عام حصہ بن گیا ہے ۔ اس کے تحت کھلاڑیوں کو ٹائم ٹرائل کے تحت دوکلومیٹر تک دوڑلگانی ہوگی۔ بی سی سی آئی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) کے ساتھ مل کر بنائے ان دونئے ٹیسٹ میں سے ایک کو پوراکرنا لازمی ہوگا۔ یویو ٹیسٹ کے تحت جہاں کھلاڑیوں کو آہستہ آہستہ رفتاربڑھاتے ہوئے 20 میٹر کا چکر لگانا ہوگا تو وہیں دوسرے ٹیسٹ میں تیز گیندبازوں کو 8.15 منٹ جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 8.30 منٹ پر دوکلومیٹر دوڑ مکمل کرنی ہوگی۔ بی سی سی آئی نے حال ہی میں این سی اے کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے 25 کھلاڑیوں کی فہرست بھیجی تھی۔ یواین آئی