عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھاجپا سنیئر لیڈر اور سابقہ نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ، بلدیو سنگھ بلواریہ، سابق ڈپٹی میئر، اور رکی گپتا کے ساتھ اس کے ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں عوامی شکایات سنیں۔جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے لوگوں نے پارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تاکہ وہ اپنے ریونیو، پنشن، بجلی اور اسی نوعیت کے دیگر معاملات کو بی جے پی کے سینئر لیڈروں کے سامنے پیش کریں۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کیڈر ’’قوم پہلے، پارٹی دوسری اور خود آخری‘‘ کے اصول پر کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور سابق وزراء روزانہ کی بنیاد پر پارٹی دفتر میں بیٹھ کر عوام سے براہ راست بات چیت کر رہے ہیں اور ان کے روزمرہ کے مسائل کے حل میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے شروع کئے گئے عوامی شکایات کیمپ عوام اور انتظامیہ کے درمیان خلیج کو ختم کرتے ہیں اور انہیں اپنے مسائل کا فوری حل تلاش کرنے کے قابل بناتے ہیں۔بلدیو سنگھ بلواریہ نے کہا کہ بی جے پی قائدین خلوص نیت سے آنے والے افراد اور وفود کے ذریعہ پیش کردہ ہر مسئلہ کا حل فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کو فوری طور پر متعلقہ محکمے کے افسران کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں عوامی دربار منعقد
