دہشت گردی اور شہری ہلاکتوں کیلئے زیرو ٹالرنس پر قائم :ترون چگ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کو دہشت گردی، تشدد اور عوامی تحفظ پر کھلی بحث کرنے کا چیلنج دیا۔ پارٹی نے کہا کہ وہ دہشت گردی اور شہری ہلاکتوں کیلئے زیرو ٹالرنس پر قائم ہے۔بی جے پی جے کے جنرل سیکرٹری اور انچارج جموں وکشمیرترون چگ نے جموں میںنامہ نگاروں کو بتایاکہ میں گاندھی-نہرو، عبداللہ، اور مفتی خاندانوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے اور ہمارے دور میں دہشت گردی، سیکورٹی، اور شہریوں کی حفاظت پر کھلی بحث کریں، اور آرٹیکل370اور35A کے بارے میں ان کے گمراہ کن دعووں اور سازشوں پربات کریں ۔انہوںنے جموں میں پارٹی کے میڈیا سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی بھی جگہ کھلی بحث کے لئے تیار ہیں۔تقریب کے دوران ترون چگ نے زور دے کر کہا کہ 5اگست 2019 کے بعد سے دہشت گردی اور امن و امان کے مسائل میں نمایاں کمی آئی ہے، جب آرٹیکل 370کو منسوخ کر دیا گیا تھا اور ریاست کو 2یونین ٹریٹریوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے کہاکہ5اگست 2019سے، ہم نے نہ صرف دہشت گردوں کو مارا ہے اور دہشت گردی کو کم کیا ہے بلکہ شہری ہلاکتوں، سیکورٹی فورس کی ہلاکتوں اور تشدد کے واقعات میں بھی زبردست کمی آئی ہے۔انہوں نے سال وار ہلاکتوں کا بھی اشتراک کیا ۔ترون چگ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے ادوار میں ، شہری ہلاکتوں کے واقعات اوسطاً 60سے70سالانہ تھے، جو 2018میں کم ہو کر 55، 2023میں 24، اور اس سال 14ہو گئے۔ دہشت گردی کے واقعات2018میں 228اور 2023میں 46سے کم ہو کر اس سال صرف11رہ گئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوششیں جان و مال کے تحفظ کے لیے جاری ہیں۔ بی جے پی جے کے جنرل سیکرٹری نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ اپنے دور حکومت میں کشمیر میں پتھراؤ کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکمرانی کے تحت، سالانہ پتھراؤ کے تقریباً 1328 واقعات ہوتے تھے، جو2023میں کم ہو کر صفر ہو گئے، اور اس سال کسی کی بھی اطلاع نہیں ملی۔ترون چگ نے کہاکہ ہم نے نہ صرف دہشت گردی کو کم کیا ہے بلکہ دہشت گردوں کی عمر بھی کم کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے جعلی مقابلوں اور بے گناہوں کے قتل کو ختم کر دیا ہے، انہیں اپنے ریکارڈ کا جواب دینا ہوگا۔ ترون چگ نے کہاکہ میں عبداللہ کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اس بحث کی تیاری کریں،میں تیار ہوں۔بھاجپا لیڈر نے کانگریس سے قیدیوں کی رہائی اور آرٹیکل 370کی بحالی پر اس کا موقف بھی پوچھا جیسا کہ این سی نے اپنے منشور میں تجویز کیا ہے۔