عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے اشتراک سے سواستھ ناری، شکتی شالی پریوار ابھیان کے تحت طبی جانچ اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔اس کیمپ کا افتتاح رجسٹرار بی جی ایس بی یو، ابھیشیک شرما نے کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو خواتین کی صحت اور فلاحِ عامہ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’احتیاطی تدابیر، باقاعدہ طبی جانچ اور بیداری ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لئے لازمی ہیں‘۔انہوں نے نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے طلباء سماجی تبدیلی کے علمبردار ہیں اور بلڈ ڈونیشن میں ان کی شمولیت انسانیت کے تئیں ان کے جذبہ خدمت اور ذمہ داری کا مظہر ہے‘۔کیمپ میں طلباء ، فیکلٹی اور عملے سمیت 200 سے زائد افراد نے طبی جانچ اور خون عطیہ کرنے میں حصہ لیا۔ جی ایم سی راجوری کے ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے نے ہیلتھ چیک اپ، مشاورت اور رہنمائی فراہم کی، جبکہ این ایس ایس رضاکاروں نے بلڈ ڈونیشن کیمپ میں بھرپور شمولیت کی۔یونیورسٹی برادری نے اس صحت پر مبنی اقدام کو سراہا جو بی جی ایس بی یو کے وژن یعنی سماجی خدمت، ہمہ جہتی ترقی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے عین مطابق ہے۔