سرینگر//ریاستی سرکار کی سفارشات پر مرکز نے ضوابط میں تبدیلی کر کے جمعرات کو ریاستی چیف سیکریٹری بی بی ویاس کی ملازمت میں ایک سال کی توسیع کو منظوری دی۔چیف سیکریٹری کی ملازمت میں پہلی کی گئی توسیع کی معیاد اس ماہ کے آخر میں مکمل ہو رہی تھی۔ بی بی ویاس ،جو کہ3وزراء اعلیٰ عمر عبداللہ،مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں،31مئی2019تک اس عہدے پر فائر رہیں گے۔ بی بی ویاس30نومبر2019تک بھی اہم کلیدی عہدے پر فائر رہ سکتے ہیں ،جب وہ تبدیل شدہ ضوابط کے تحت62سال کی عمر کو پہنچیں گے۔ غیر معمولی اقدام کے تحت محکمہ پرسنل اینڈٹریننگس نے ’’آئی اے ایس‘‘ضوابط1958 میں ترمیم کر کے جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری کو62برسوں کی عمر تک اپنی خدمات برقرار رکھنے ،اگر ریاستی حکومت کی اس سلسلے میں خواہش ہو،کی اجازت دی ہے۔ اس سے قبل چیف سیکریٹری کے سطح کے آفسر کی ملازمت میں6ماہ تک کی توسیع کی جاتی تھی،جبکہ ویاس کو پہلے2مرتبہ تین ،تین ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔1986بیچ کے آئی ائے ایس افسر بی بی ویاس کی3دہائیوں پر مشتمل ملازمت میں وہ کلیدی عہدوں پر فائز رہے ہیں،جن میں ڈپٹی کمشنر سرینگر،ڈویژنل کمشنر کشمیر،پرنسپل سیکریٹری خزانہ، فائنانشل کمشنر،منصوبہ بندی شامل ہیں،جبکہ مرکز میں ڈیپو ٹیش کے دوران ویاس نے سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا کے پرائیویٹ سیکریٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔