ڈورو//قاضی گنڈ ویسو میں بی ایس ایف کانوائے نے راہگیر کو کچل کر ہلاک کر دیا جس پر مقامی لوگوں نے سرینگر جموں شاہراہ پر دھر نا دے کر احتجاج کیا ۔جموں سے سرینگر کی جانب آ رہی بی ایس ایف کانوائے جونہی ویسو کے نزدیک پہنچی تو یہاں سڑک کے کنارے چل رہے راہ گیر کو تیز رفتار بی ایس ایف گاڑی نے کچل ڈالا جس کے سبب اُس کی موت ہوگئی ۔جاں بحق شخص کی شناخت50سالہ محمد حُسین ایتو ولد خلیل محمد ساکن منوارڈ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے ۔جاں بحق شخص 6بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کمائو تھا ۔اس بیچ واقع کے خلاف مقامی لوگوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر دھر نا دے کر گاڑیوں کی نقل وحرکت روک دی ۔مظاہرین واقع میں ملوث ڈرائیور کی فوری گرفتاری کی مانگ کر رہے تھے ۔دھر نہاکے سبب شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل وحرکت قریباََ3گھنٹوں تک معطل رہی ۔اس بیچ سول و پولیس افسران احتجاجیوں کے بیچ پہنچے اور اُنہیں یقین دلایا کہ ملوث ڈرائیور کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ تاہم مظاہرین احتجاج پر بضد رہے اور نعرہ بازی جاری رکھی جس پر پولیس نے طاقت کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج کے ساتھ آنسو گیس کے گولے داغے جس کے جواب میں مشتعل افراد نے پولیس پر سنگ باری کی جو کچھ دیر تک جاری رہی تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے۔ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ایس پی پانی نے کہا کہ حادثے میں ملوث ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے ساتھ ہی معاملے کی نسبت کیس درج کیا گیا ہے ۔