اے آئی اور ڈیجیٹل مواد پر الیکشن کمیشن کی ہدایات
پٹنہ //الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے دوران ووٹنگ کو زیادہ آسان اور شفاف بنانے کے مقصد سے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ کمیشن نے بزرگ، معذور اور خدمت میں مصروف ووٹروں کے لیے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔کمیشن نے }ریپریزنٹیشن آف دی پیپل ایکٹ، 1951‘ کی دفعہ 60(سی) کے تحت 85 سال یا اس سے زائد عمر کے ووٹروں اور ’بنچ مارک معذوری‘ رکھنے والے شہریوں کو گھر سے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی ہے۔ ایسے ووٹر فارم 12ڈی بھر کر 5 دن کے اندر اپنے بلاک لیول افسر (بی ایل او) کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔ بعد ازاں، پولنگ ٹیمیں ان کے گھروں تک جا کر ووٹ ریکارڈ کرائیں گی تاکہ انہیں پولنگ اسٹیشن تک جانے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔اسی کے ساتھ کمیشن نے ان سرکاری ملازمین اور کارکنان کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے جو انتخاب کے دن اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہوں گے۔ ان میں آگ بجھانے کی خدمات، طبی عملہ، بجلی، ٹریفک، ایئر ایمبولینس، ہوابازی، اور ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین شامل ہیں۔ ایسے اہلکار اپنے محکمے کے نوڈل افسر کے ذریعے پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔الیکشن کمیشن نے ایک اہم پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتخابی مہم میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) یا دیگر ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے تیار کردہ گمراہ کن یا گمراہی پیدا کرنے والی ویڈیوز کا استعمال نہ کریں۔کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے اصول نہ صرف زمینی تشہیر بلکہ سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے والی تمام مواد پر بھی لاگو ہوں گے۔ کسی بھی پارٹی یا امیدوار کی تنقید صرف ان کی پالیسیوں، پروگراموں، سابقہ ریکارڈ اور کاموں تک محدود ہونی چاہیے اور ذاتی زندگی پر تبصرہ ممنوع ہے۔مزید برآں، بغیر تصدیق شدہ الزامات یا معلومات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا سختی سے منع ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتخابی کمیشن نے تشویش ظاہر کی ہے کہ کچھ افراد اے آئی ٹولز کی مدد سے ڈیپ فیک ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، جس سے انتخابی ماحول متاثر ہو سکتا ہے۔تمام سیاسی جماعتوں، رہنماؤں، امیدواروں اور اسٹار پروموٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر وہ کوئی اے آئی جنریٹڈ یا ڈیجیٹل طور پر ترمیم شدہ مواد پوسٹ کریں تو اس پر واضح ٹیگ لگانا لازمی ہوگا۔ اس ٹیگ میں اے آئی جنریٹڈ، ڈجیٹیلی انہانسڈ یا سنتھیٹک کنٹنٹ جیسے الفاظ شامل ہوں تاکہ عوام کو کوئی غلط فہمی نہ ہو۔