عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ//بہار میں یوں تو مکمل طور پر شراب بندی ہے، اکثر زہریلی شراب سے لوگوں کی ہلاکت یا شراب سے بھری ہوئی گاڑیاں ضبط کیے جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ شراب کی اسمگلنگ میں پولیس اہلکار بھی مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ کچھ ایسا ہی بیگوسرائے میں دیکھنے کو ملا جہاں پولیس خود ہی شراب کی سپلایر بنی ہوئی تھی۔ یہاں پولیس کی دیکھ ریکھ میں شراب فروخت کی جا رہی تھی، اور اس معاملے میں 3 پولیس جوانوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ٹائیگر موبائل پولیس کے 3 جوانوں کو شراب کے کاروبار سے جڑے ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ساتھ ہی ٹائیگر موبائل کی نشاندہی پر 4شراب کاروباریوں کو بھی پولیس نے گرفت میں لے لیا ہے۔ ان کے پاس سے پولیس نے کثیر مقدار میں انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ بیگوسرائے میں شراب کے خلاف پولیس کی اس بڑی کارروائی نے پولیس محکمہ کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر گرفتار 4 افراد سے پوچھ تاچھ چل رہی ہے اور معاملے کی تحقیقات بھی شروع ہو چکی ہے۔