جموں//بھرتی بورڈ نے منگلوارکو 186ویں بورڈ میٹنگ میں 29 امیدواروں کے حق میں سفارش کی جبکہ27اسامیاں اہل امیدواروں کی عدم دستیابی کی بناپر متعلقہ محکموں کو واپس کی گئیں۔جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ کی 186 ویں بورڈ میٹنگ یہاں چیئرمین خالد جہانگیر کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں بورڈ کے ممبران بشمول محمد شفیق چک، نذیر احمد خواجہ ، پریتم لال اتری ، ہرویندر کور، عاشق حسین للی ، نیلم کھجوریہ ، نارائن دَت اور پروفیسر تسلیمہ پیر ، کنٹرولر اِمتحانات اشوک کمار، سپیشل سیکرٹری قانون جنگ بہادر نے شرکت کی۔سیکرٹری سچن جموال، وَنے کھوسلہ ، ڈپٹی سیکرٹری ممتاز راجپوت ، اِنتظامی آفیسر اور جے اینڈکے سروسز سلیکشن بورڈ کے دیگر اَفسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ چیئرمین نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے محکمہ صحت وطبی تعلیم میں مختلف زمروں کی زائد اَز 1200 اَسامیوں کے لئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ اِمتحان( سی بی ٹی ) کامیابی سے لیاگیا ہے ۔اُنہوں نے ممبران ، کنٹرولر اَمتحانات اور جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ کے اَفسران کو مبارک باد دی۔میٹنگ میں مختلف مسائل پر تفصیلی بحث و تمحیص ہوئی جن میں ڈسٹرکٹ کیڈر ، ڈویژنل کیڈر جموں ، ڈویژنل کیڈر کشمیر ، یوٹی کیڈر اور اوورلیپنگ یاڈبل ڈگری کی روکتھام کی سفارشات جاری کرنا شامل ہیں۔بورڈ نے مختلف شعبوں میں 29 اُمیدواروں کے حق میں سفارشات جاری کرنے کا فیصلہ لیا اور 4اُمید واروں کو اہل نہیں قرار دیا گیا اور ایک کو غور وخوض کے بعد منسوخ کیا گیا۔بورڈ نے دو اُمید واروں کی سلیکشن لسٹ کو بھی منظوری دی اور مختلف شعبوں سے متعلق مختلف زمروں کی 27 اَسامیاںکمیوں / اہل اُمید واروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے متعلقہ اِنڈیٹنٹنگ ڈیپارٹمنٹوں کو واپس کردی گئیں ۔بورڈ میٹنگ میں 14 عدالتی مقدمات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ان کے مناسب تصفیے کے لئے مناسب فیصلے لئے گئے۔