بھدرواہ //جہاں ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی تپش سے لوگ بے حال ہیں وہیں سیاحوں کی ایک بھاری تعداد بھدرواہ۔ چمبہ میں پدری چراگاہ کا دورہ کرکے بھدرواہ کے اُبھرتے ہوئے اس سیاحتی مقام پر ٹھنڈ ی ٹھنڈی ہوا ئوں سے کافی راحت پاتے ہیں۔پدری چراگاہ قصبہ بھدرواہ سے فقط40کلو میٹرکی دوری پر ہے۔جو کہ سیاحوں کی ایک من پسند جگہ بن گئی ہے کیونکہ اس چراگاہ میں برف سے بھرے ’’ آشا پٹی گلئیشر ،مستحکم کیلاش پہاڑ‘‘ ہے اور اسکے علااوہ برف تک پہنچنے کی رسائی بھی ہے وہ بھی ماہ جون میں۔گھریلو سیاحوں نے اسے زندگی کا بہت ہی دلکش اور ناقابل یقین لمحہ قرار دیا ہے جب اُنہوں نے پدری چراگاہ میں برف کو چھوا ۔سیاحوں نے ان خوبصورت لمحوں کو کیمروں میں قید کرکے رکھا ہے۔پونا سے آئے ہوئے ایک سیاح کلیانی دگے نے کہا کہ جب میں نے یہاں پر ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کو محسوس کیا اور پہلی مرتبہ برف کو چھوا تو یہ لمحہ میری زندگی کے خوابوں کی ایک حقیقت بن گئی ۔ وہ 45ڈگری درجہ حرارت کے علاقہ سے آیا تھا اُس نے کہا کہ مُجھے یہ بتایا گیا تھا کہ سال کے اس مہینہ میں برف کو دیکھنا نا ممکن ہے لیکن اُس وقت ہماری خوشیوں کا ٹھکانہ نہیں رہا جب ہم نے نہ صرف برف کو چھوا بلکہ اسکے ساتھ تین گھنٹوں تک کھیلا بھی ہے ،جسکے لئے ہم اپنے آپ کو خو ش قسمت مان رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار ایک اور سیاح نیتو کماری نے کیا جو کہ بہار سے آئی تھیں۔اُ س نے مزید کہا کہ میں ہمشہ کے لئے یہاں ہی رہنا چاہتی ہوں۔ بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ گُزشتہ کئی دنوں سے شدت کی گرمی کی وجہ سے گُذشتہ پندرھواڑہ سے یہاں سیاحوں کی تعداد میں20فیصدی تک کااضافہ ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ موسم کی شدت کے علاوہ تشہیری مہم اور بی ڈی ا و کے پرائیویٹ گیسٹ ہاوس مالکان کی جانب سے کرایوں میں رعایت دینے کے اعلان سے بھی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بال کرشن نے کہا ہے کہ سال رواں کا سیاحتی سیزن مثبت رویہ سے شروع ہوا ہے کیونکہ ہر روز تقریباً50ٹورسٹ بسیں بھدرواہ میں وارد ہوتی ہیں،جو کہ حقیقی طور سے بے مثال ہے ۔دوسری قابل اطمینان بات یہ ہے کہ ملک کے ہر ایک کونے سے سیاح یہاں آتے ہیں۔اس سے یہ عیاں ہے کہ بھدروہ میں سیاحتی شعبہ فروغ کی جانب گامزن ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے تمام ہوٹل اور گیسٹ ہائوس کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔میں روزانہ کی بنیادوں پر اسکاجائزہ لے رہا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سیاحوں کو راغب کرنے میں کوشاں ہیں ،جسکے اچھے نتائج آنے شروع ہوئے ہیں۔