بھدرواہ //قدرتی حسن سے مالا مال بھدرواہ قصبہ میں سیاحوں کو اپنی جانب راغب کر نے صلاحیت موجود ہے اور ریاستی حکومت نے قصبہ کو سیاحتی نقشہ پر لانے کیلئے ایک جامع منصوبہ مرتب کر رکھا ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ٹورازم پریہ سیٹھی نے کہا کہ بھدرواہ سمیت جموں خطہ کے دیگر صحت افزاء مقامات پر سیاحتی لانے کے لئے مرکزی اور ریاستی سرکاریں سنجیدہ ہیں۔ وہ تیلی گڑھ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ پریہ سیٹھی نے بھدرواہ کو ہماچل اور پنجاب کے ساتھ جوڑے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سے بیرون ریاست کے سیاح زیادہ سے زیادہ تعداد میں بھدرواہ آ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ، جائی، پدری، گلانڈہ، سیوج اور کیلا ش کنڈ کا ایک سیاحتی سرکٹ قائم کیا جائے گا جب کہ جلد ہی علاقہ میں ٹریول ٹریڈ کانفرنس منعقد ہوگی۔ علاقہ میں سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ آمد کو یقینی بنانے کے لئے دلکش پیکیج دئیے جائیں گے اور مذہبی سیاحت کو بھی بڑھاوا دیا جائے گا۔ اس موقعہ پر ممبران اسمبلی بھدرواہ و چھمب نیز چیف ایگزیکٹو آفیسر بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی موجود تھے۔